اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں زمینی فورسز نے آپریشن کلین اپ کر کے شدت پسندوں کے ٹھکانے مسمار کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب رائٹر، اے ایف پی کی رپورٹس کے مطابق مذاکرات کے متعدد ادوار کے خاتمے کے بعد پاکستانی فورسز نے افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں طالبان کے خلاف پہلی بڑی زمینی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس زمینی کارروائی میں شمالی وزیرستان کے دارالحکومت کے قریبی علاقے میں ماچس کیمپ کو نشانہ بنایا۔ زمینی فوج کو ٹینکوں، گن شپ ہیلی کاپٹرز، توپ خانے اور پاکستانی ڈرون طیاروں کی مدد حاصل تھی۔ اس لڑائی میں پہلی بار پاکستانی ڈرون طیارے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ توپخانے اور گن شپ ہیلی کاپٹرز سے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
شدت پسندوں کے خلاف گھر گھر جا کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ علاقے میں بدستور کرفیو نافذ ہے۔ ماچس کیمپ کے علاقے میں شدت پسندوں کے 100 مکان بارود لگا کر اڑا دیئے گئے۔ میر علی بازار میں 300 دکانیں تباہ کر دی گئیں۔ واضح رہے کہ یہ کیمپ پہلے افغان مہاجرین کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا اور اب یہ شدت پسندوں کے زیراثر ہے۔
اے ایف پی کے مطابق طالبان کے خلاف کارروائی کے دوسرے روز پاک فوج نے توپخانے اور گن شپ ہیلی کاپٹرز سے قبائلی علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنایا۔ حکام نے بتایا افغاج سرحد سے ملحقہ علاقوں میں کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے سینکڑوں گھر اور دکانیں تباہ کر دی گئیں۔
.......
/169